ایران سے پاکستانیوں کی واپسی جاری، 38 دن میں ہزاروں افراد وطن پہنچ گئے

اسلام آباد : ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے اور یہ سلسلہ اب 38ویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ سرحدی حکام کے مطابق مختلف بارڈر پوائنٹس کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی واپسی جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آج گبد ریمدان بارڈر کے راستے 30 پاکستانی وطن واپس پہنچے، جبکہ اسی سرحدی گزرگاہ سے اب تک مجموعی طور پر 3021 افراد پاکستان آ چکے ہیں۔

دوسری جانب تفتان بارڈر کے ذریعے بھی واپسی کا عمل جاری ہے، جہاں گزشتہ 38 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 4077 افراد وطن لوٹ چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 28 فروری سے اب تک گبد ریمدان اور تفتان بارڈرز کے ذریعے مجموعی طور پر 7098 پاکستانی شہری ملک میں داخل ہو چکے ہیں، جو اس عمل کی رفتار کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

حکام نے مزید بتایا کہ واپس آنے والوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جن میں زائرین، ماہی گیر، مزدور، تاجر کے علاوہ ایران اور عمان میں مقیم پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واپسی کے عمل کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top