نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 12 سے 17 اپریل کے دوران بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے سے جاری الرٹ کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کا یہ نیا سلسلہ وقفے وقفے سے برسنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے ہفتے کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بلند پہاڑی مقامات پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں چند مقامات پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کے باعث درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے، جس کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





