چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وفاقی بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں غریب عوام کیلئے کچھ بھی نہیں رکھا گیا اور حکومتی دعووں کی حقیقت اب سب کے سامنے آ چکی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے، لیکن منتخب نمائندوں کو نااہل کیا جا رہا ہے، جس پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر کے بعد سے ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی تک فوری رسائی دی جائے اور اس حوالے سے واضح جواب فراہم کیا جائے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کیلئے کوئی ریلیف موجود نہیں۔ ان کے بقول نہ بجلی سستی ہوگی، نہ لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی اور نہ ہی روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکومتی اخراجات اور شاہ خرچیوں میں کمی کیلئے مؤثر انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے بجائے صرف دعوے کیے جا رہے ہیں۔





