پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ

وفاقی حکومت نے مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے “پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ” قائم کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ نے جاری کر دیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ فنڈ وفاقی کابینہ کے 5 جون 2026 کے فیصلے کی روشنی میں قائم کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پبلک اکاؤنٹ آف دی فیڈریشن میں ایک علیحدہ اکاؤنٹ ہیڈ بھی مختص کیا جائے گا تاکہ فنڈ سے متعلق تمام مالی امور کو منظم انداز میں انجام دیا جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ میں موصول ہونے والی تمام رقوم اسی مخصوص اکاؤنٹ میں جمع کی جائیں گی۔ اس فنڈ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو وزارتِ خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) مشترکہ طور پر حتمی شکل دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار، مگر حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی

حکام کا کہنا ہے کہ فنڈ کے لیے درکار قانونی اور مالی منظوری علیحدہ سے حاصل کی جائے گی تاکہ اسے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق فعال بنایا جا سکے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے اثرات کو کم کرنا اور ملکی سطح پر قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا ہے۔

Scroll to Top