حیدرآباد میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا، جبکہ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت اور قانونی دستاویزات کی جانچ جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی ہدایات پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں حیدرآباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ اور ویریفکیشن آپریشن کرتے ہوئے 14 مشتبہ افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائیاں مختلف مقامات پر کی گئیں، جہاں زیرِ حراست افراد کو ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام افراد کی شناخت، سفری دستاویزات اور قانونی حیثیت کی مکمل جانچ کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ویریفکیشن مکمل ہونے تک تمام زیرحراست افراد ہولڈنگ سینٹر میں رہیں گے۔ جن افراد کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں ہوں گی یا جو متعلقہ قوانین پر پورا نہیں اتریں گے، ان کے خلاف امیگریشن اور دیگر متعلقہ قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی، رجسٹریشن اور تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے دستاویزات کی چھان بین بھی جاری ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ کارروائیاں حکومتی پالیسی اور جاری ہدایات کے مطابق کی جا رہی ہیں، جبکہ ویریفکیشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔





