ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوات میں سیف اللہ جھیل کے مقام پر کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 6 سیاح جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک خاتون کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
اٹک میں دیوار اور چھت گرنے کے مختلف واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔ لنڈی کوتل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ دیر بالا میں اسی نوعیت کے واقعے میں مدرسے کی 20 طالبات زخمی ہو گئیں۔
ژوب میں بارش کے دوران چھتیں گرنے سے ایک خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ گنجیال قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شہری دم توڑ گیا۔ ایبٹ آباد میں برساتی نالے میں گاڑی بہنے سے 3 افراد زخمی ہوئے، جبکہ مردان میں طوفانی بارش کے باعث سائن بورڈ اور دیوار گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ لاہور، اٹک، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، قصور، گجرات اور دیگر علاقوں میں بھی بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
ہری پور اور ایبٹ آباد میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ خضدار، ژوب اور کوہلو سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے نواحی علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جس سے رابطہ سڑکیں متاثر اور متعدد گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ زرعی اراضی، باغات اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات جاری ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ دنوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے خبردار کیا ہے۔





