طالبان کا کوئی اعتبار نہیں، کل کو چوری ڈکیتی کا کریڈٹ بھی لینا شروع کر دیں گے، پی اے ایف افسر کی شہادت پر ٹی ٹی پی کے دعوے پرخواجہ آصف کا ردعمل

طالبان کا کوئی اعتبار نہیں، کل کو چوری ڈکیتی کا کریڈٹ بھی لینا شروع کر دیں گے، پی اے ایف افسر کی شہادت پر ٹی ٹی پی کے دعوے پرخواجہ آصف کا ردعمل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے افسر کی شہادت کے واقعے پر تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دعووں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بہیمانہ قتل کی ذمہ داری طالبان قبول کر رہے ہیں، لیکن ان کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کل کو شاید یہ لوگ پاکستان میں چوری، ڈکیتی اور عام جرائم کا کریڈٹ بھی لینا شروع کر دیں۔

ایکس پر ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے لکھا کہ کالعدم تحریک طالبان کا مقصد صرف کریڈٹ لینا ہے جبکہ حقیقت، اخلاقیات اور ذمہ داری سے انہیں کوئی غرض نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے شاہین چوک کے قریب اتوار کے روز پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق، ایک نجی سٹور میں ملازمت کرنے والا ملزم سعد عباسی اپنی ساتھی خاتون ملازم کو زبردستی کسی دوسری جگہ لے جانا چاہتا تھا۔ خاتون کے انکار پر دونوں کے درمیان تکرار ہو رہی تھی کہ وہاں سے گزرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق نے گاڑی روک کر مداخلت کی، جس پر ملزم نے پستول سے فائرنگ کر دی اور گروپ کیپٹن موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزم فرار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : گروپ کیپٹن شہادت کیس، ملزم کی عمر، تعلیمی قابلیت اور پیشہ کیا تھا؟ ملزم نے سب کچھ اُگل دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی

واقعے کے فوراً بعد اسلام آباد پولیس نے آئی جی کی سربراہی میں 11 تفتیشی ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے سیف سٹی کے 275 کیمروں، ڈیجیٹل سرویلنس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کا تعاقب کیا۔ ملزم نے موبائل فون بند کر کے نجی بس کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے کپڑے تبدیل کرنے کے باوجود نو گھنٹوں کے اندر ٹریک کر کے گرفتار کر لیا۔

Scroll to Top