کوالالمپور: 26 خواتین سمیت 41 پاکستانی بھکاری ڈی پورٹ

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے 26 خواتین سمیت 41 پاکستانی بھکاریوں کو بے دخل کردیا گیا ہے، جو کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں بھیک مانگنے کے بعد ملائیشیا پہنچ گئے تھے۔

یہ بے دخلی ایک تین ماہ کی کارروائی کا نتیجہ ہے جس کے دوران مختلف پاکستانیوں نے ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے۔

پاکستانی بھکاریوں کی ملائیشیا میں بڑھتی ہوئی تعداد پر نگرانی رکھی جا رہی تھی، اور گزشتہ تین ماہ کے دوران وہاں سے 41 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ان میں 26 خواتین شامل ہیں، جو مختلف طریقوں سے ملائیشیا پہنچی تھیں۔

ان بھکاریوں میں سے 16 کا تعلق کشمور سے ہے، جبکہ دیگر کا تعلق رحیم یار خان، فیصل آباد، صادق آباد، لاہور اور دیگر علاقوں سے ہے۔

پاکستان کے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور ان بھکاریوں کے خلاف انکوائری نمبر 304/25 درج کی ہے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق، اس سلسلے میں لاہور کے اے ایچ ٹی سی میں بھی 3 ویریفکیشن اور 6 انکوائریز درج کی گئیں۔ تاہم، ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں یو اے ای نے 16 ماہ میں 10 ہزار 100 پاکستانیوں کو ملک بدر کر دیا

ان بھکاریوں میں سے 21 نے وزٹ ویزوں پر، 9 نے ٹورسٹ ویزوں پر اور دیگر نے مختلف اقسام کے ویزوں پر ملائیشیا کا سفر کیا تھا۔ 3 خواتین کو مسقط میں آف لوڈ کیا گیا، جبکہ باقی افراد کو کوالالمپور میں پکڑ کر ڈی پورٹ کیا گیا۔

تمام بھکاریوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ دوبارہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے لیے ملائیشیا کا سفر نہ کر سکیں۔ ایف آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں، اور اس معاملے میں مزید کارروائی کی توقع ہے۔

یہ واقعہ پاکستانیوں کی غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک میں بھیک مانگنے کی بڑھتی ہوئی مہم کی نشاندہی کرتا ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے مزید سخت اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

Scroll to Top