جیو نیوز کی معطلی کی سزا مکمل، ملک بھر کے کیبل نیٹ ورکس اور یوٹیوب پر نشریات بحال

جیو نیوز کی معطلی کی سزا مکمل، ملک بھر کے کیبل نیٹ ورکس اور یوٹیوب پر نشریات بحال

جیو نیوز کی 15 روزہ معطلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد ملک بھر میں چینل کی نشریات دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔ جیو نیوز اب کیبل نیٹ ورکس اور یوٹیوب پر معمول کے مطابق دستیاب ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جیو نیوز کی نشریات کی معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد چینل کو دوبارہ نشر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

پیمرا کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ’’سفرِ عشق‘‘ کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس معاملے پر جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔

پیمرا اعلامیے کے مطابق اتھارٹی نے 11 جولائی کو ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری اور زبانی مؤقف سمیت متعلقہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کا جائزہ لیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی تھی، جس پر 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پیمرا کے مطابق معطلی کی مدت ہفتے کی رات 12 بجے مکمل ہوئی، جس کے بعد چینل کی نشریات بحال کر دی گئیں۔

پیمرا نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

نشریات کی بحالی کے بعد ناظرین ملک بھر میں کیبل نیٹ ورک کے ذریعے جبکہ آن لائن صارفین یوٹیوب پر جیو نیوز کی براہِ راست نشریات اور معمول کے پروگرامز دوبارہ دیکھ سکتے ہیں۔

Scroll to Top