عالمی منڈی میں تیل نے پھر اُڑان بھر لی، قیمتوں میںناقابل یقین اضافہ

عالمی منڈی میں تیل نے پھر اُڑان بھر لی، قیمتوں میںناقابل یقین اضافہ

آبنائے ہرمز کی صورتحال نے عالمی منڈی میں ہلچل مچا دی، خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کے اعلان کے بعد عالمی توانائی کی منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے اوپر چلی گئیں۔

بین الاقوامی معیار کے حامل برطانوی خام تیل برینٹ (Brent Crude) کی قیمت میں 3.75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں بھی 3.65 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد یہ 74 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔ مارکیٹ میں مربن خام تیل کی قیمت بھی بڑھ کر 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل کی بڑی مقدار مختلف ممالک کو سپلائی کی جاتی ہے۔ اس اہم راستے کی بندش یا اس سے متعلق خدشات عالمی منڈی میں تیل کی رسد پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی یا تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر میں ایندھن اور توانائی کی قیمتوں پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top