خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعے کی رات سے 23 اگست تک مون سون کی سرگرمیوں میں اضافے اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ، اچانک سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں داخل ہونے والی مون سون کی مضبوط ہوائیں بالائی سطح پر موجود مغربی ہواؤں کے نظام کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں شدید ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سبب بن سکتی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان، مردان، صوابی، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ قبائلی اضلاع میں جمعے کی شام سے 23 اگست تک وسیع پیمانے پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں جمعے کی رات سے 23 اگست تک بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو اور ہنزہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آبادسمیت پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں جمعے کی رات سے اتوار کی صبح تک موسلادھار بارش ہو سکتی ہے جبکہ وسطی و جنوبی اضلاع سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں ہفتے کے روز بارش کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں جمعے کی شام اور ہفتے کو کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کے دوران شدید بارش کے باعث خیبر پختونخوا کے اضلاع مردان اور صوابی سمیت اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور آزاد کشمیر کے حساس پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ مقامی اور پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی: شدید بارشوں سے تباہی، عمارتیں گرنے سے 2 افراد جاں بحق،ریسکیوکارروئیاں جاری

اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کسانوں کو فصلوں کی سرگرمیاں شیڈول کے مطابق ترتیب دینے اور تمام ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں و مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top