بیجنگ میں ہونیوالی اہم ملاقات میں جدید ٹرانسپورٹ نظام، بندرگاہوں کی ترقی اور چینی سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور چین نے ٹرانسپورٹ، بندرگاہی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری اور چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ٹرانسپورٹ کے جدید نظام، بندرگاہی انفراسٹرکچر کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جنید انوار چودھری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، کیونکہ جدید اور مؤثر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قومی معیشت کی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر کے ذریعے علاقائی تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاک چین تعاون سے بندرگاہی شعبہ نئی ترقی کی منازل طے کرے گا، جبکہ بندرگاہوں کو اقتصادی راہداریوں سے مؤثر انداز میں منسلک کرنے سے تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔
ملاقات کے دوران چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سے متعلق منصوبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ٹرانسپورٹ اور بندرگاہی شعبے میں تعاون میں اضافہ نہ صرف دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔





