صبح صبح عالمی مارکیٹ سے بری خبر، خام تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے بعد دنیا بھر میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر ضروری اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت جمعرات کو 6 فیصد سے زائد اضافے کے بعد مئی کے بعد پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی۔

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی، ممکنہ فوجی کارروائیوں اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات نے عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے بحیرہ احمر میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد عالمی سپلائی چین سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے لیے آبنائے ہرمز کے متبادل برآمدی راستوں پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ کے اختتام پر تقریباً 98 پنس فی تھرم رہنے والی قیمت بڑھ کر 150 پنس فی تھرم کے قریب پہنچ گئی ہے، جس سے گھریلو اور صنعتی توانائی کے اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اردو ادب کے درخشاں ستارے قدرت اللہ شہاب کو بچھڑے 40 برس بیت گئے

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر پڑتا ہے، جبکہ نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے اخراجات خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ ڈھائی ہفتوں کے دوران پیٹرول کی اوسط قیمت 5 پنس فی لیٹر اضافے کے بعد تقریباً 1.56 پاؤنڈ جبکہ ڈیزل کی قیمت 1.72 پاؤنڈ فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح امریکا میں بھی پیٹرول کی اوسط قیمت دوبارہ 4 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہے۔

Scroll to Top