آزاد جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات، لکی مروت سمیت خیبرپختونخوا میں پولنگ پرامن انداز میں جاری

غلام اکبر مروت

لکی مروت: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں کشمیری مہاجرین کی نشست ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 پر لکی مروت سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس نشست کے لیے خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 655 ہے، جبکہ 7 امیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضلع لکی مروت میں ایک منفرد صورتحال بھی سامنے آئی ہے، جہاں صرف ایک خاتون ووٹر رجسٹرڈ ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس خاتون کو حقِ رائے دہی کے استعمال کی سہولت فراہم کرنے کے لیے علیحدہ خواتین پولنگ اسٹیشن قائم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشست پر پولنگ جاری

اس نشست پر جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار خواجہ محمد دلاور وانی، جماعت اسلامی کے عبدالحمید بٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالمجید خان، جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے مرزا خلیل الرحمن بیگ، جبکہ آزاد امیدواروں میں بشیر احمد خان، محمد زریاب اور محمد فیاض مدِمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔

Scroll to Top