انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید ڈی ایس پی دیار خان کے گھر جا کر اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا نے شہید ڈی ایس پی کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ڈی ایس پی دیار خان نے ہنگو میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران اپنی زیر کمان نفری کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے بہادری کا مظاہرہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کو ان کے ہر بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 9 اہلکار شہید، 8 دہشت گرد ہلاک
آئی جی پی نے شہید ڈی ایس پی دیار خان کی خدمات اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس اپنے بہادر شہداء کے مشن کو جاری رکھے گی۔





