بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں،وزیراعظم

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں،فتنہ الخوارج دشمن ممالک سے وسائل حاصل کررہے ہیں۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ بلوچستان پاکستان کا وہ علاقہ ہے جہاں دلیر بلوچ اور پشتون اقوام آباد ہیں۔ بلوچ اور پشتون قبائل کی تاریخ دلیری، مہمان نوازی اور رواداری جیسی عظیم روایات سے عبارت ہے، جنہیں تاریخ نے اپنے اوراق میں شاندار انداز میں محفوظ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ قبائیل کی روایت ہے کہ جب عزت و وقار کا معاملہ سامنے آئے تو غیرت پکار پکار کر کہتی ہے کہ کسی بھی قیمت پر عزت و وقار پر سودا نہیں کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان نیشنل ورکشاپ کا مقصد سرکاری بات کرنا نہیں بلکہ عوام کی بات سننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا اور اس وقت بلوچستان کے مختلف حصوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ، ثقافت اور روایات پاکستان کے قومی تشخص کا اہم حصہ ہیں، جبکہ بلوچ اور پشتون عوام کی جرات، مہمان نوازی اور رواداری قابل فخر روایات ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پرنسلی اسٹیٹس نے بھی 1948، 1947 کے بعد پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا تھا، یہ کوئی بندوق کی نوک پر نہیں ہوا بلکہ دل، دماغ اور اس عزم کی بنیاد پر ہو اتھا کہ پاکستان کا حصہ بن کر پاکستان کی ترقی و خوشحال میں شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 49 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے کہا کہ 1950، 1955 اور 1970میں بلوچستان میں جو واقعات ہوئے وہ بھی تاریخ کا حصہ ہیں، لیکن یہ بحث تاریخ کا حصہ رہے گی کہ ان واقعات کو ہمیں کس طور ہینڈل کرنا چاہیے تھا، کس طریقے سے ہمیں ان معاملات کو ڈائیلاگ کے ذریعے طے کرنا چاہیے تھا۔ بالآخر 1970میں پورا بلوچستان پاکستان کا حصہ بنا اور پاکستان کا چوتھا صوبہ کہلایا۔

Scroll to Top