امریکی پابندیوں پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سخت ردعمل سامنے آگیا، عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی پابندیاں اور دباؤ پہلے بھی ناکام ہو چکے ہیں
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ کی غیر مشروط سرنڈر کی کوشش بھی ناکام ہوئی، موجودہ اقتصادی کارروائی بھی ناکام ہوگی، ہم یہ فلم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں۔
عباس عراقچی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی کا دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے امریکا کی پرانی پالیسیوں کو ناکام قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران کے خلاف کسی بھی ملک کے خلاف اب تک کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں یاد دلایا کہ 2012ء میں بھی امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں کو تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں قرار دیا تھا۔
انہوں نے اس کے سامنے طنزیہ انداز میں صرف ایک لفظ ’’ناکام‘‘ لکھا، اس کے بعد انہوں نے آٹھ سال قبل شروع کی گئی امریکی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کا حوالہ دیا اور اسے بھی ناکام قرار دیا۔





