ضلع خیبر میں 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق، رواں سال کیسز کی تعداد 6 ہوگئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں رواں سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

 نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق نیا کیس تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے سے رپورٹ ہوا ہے، جہاں متاثرہ بچہ رہائش پذیر ہے۔

 حکام کے مطابق رواں سال سامنے آنے والے 6 پولیو کیسز میں سے 5 خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبے کے جنوبی اضلاع میں پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے، جس کے باعث خیبر، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخوا کے علاقوں کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں بجلی کا بحران،شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے متجاوز

 نئے کیس کی تصدیق کے بعد ضلع خیبر میں پولیو سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے زبانی ویکسین کے قطرے پلانے کے ساتھ انجیکشن کے ذریعے ویکسین لگانے کی مہم کی تیاری بھی جاری ہے۔

 این ای او سی حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی تمام تجویز کردہ ویکسین خوراکیں ضرور دلوائیں، تاکہ ملک سے اس بیماری کے مکمل خاتمے کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔

Scroll to Top