صوابی: سولی میں لینڈ سلائیڈنگ سے واٹر ٹینکی خطرے میں، سینکڑوں گھروں کو نقصان کا خدشہ

ٹوپی: ضلع صوابی میں مون سون بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑی کٹاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، ٹوپی کے علاقے سولی میں پہاڑی کٹاؤ کے باعث وہاں موجود واٹر ٹینکی بھی شدید خطرے کی زد میں آگئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی کا کٹاؤ بڑھ رہا ہے، جس کے باعث واٹر ٹینکی کے گرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹینکی کسی بھی وقت منہدم ہو کر بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

سینکڑوں گھر واٹر ٹینکی کے نیچے آباد

مقامی شہریوں کے مطابق خطرے سے دوچار واٹر ٹینکی کے نیچے سینکڑوں گھر آباد ہیں۔ اگر ٹینکی گر گئی تو اس کے نتیجے میں قریبی آبادی کو شدید نقصان پہنچنے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران پہاڑی کٹاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے واٹر ٹینکی کے لیے خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

شہریوں کا فوری حفاظتی اقدامات کا مطالبہ

سولی کے رہائشیوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی ممکنہ حادثے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر واٹر ٹینکی کا معائنہ کیا جائے اور اس کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

شہریوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر ٹینکی کے گرد سیفٹی وال اور حفاظتی بند تعمیر کیا جائے تاکہ پہاڑی کٹاؤ کو روکا جاسکے اور ٹینکی کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اگر بروقت حفاظتی دیوار تعمیر کردی جائے اور پہاڑی کٹاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تو ممکنہ حادثے کے خطرے کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران صورتحال کا فوری جائزہ لیا جائے اور واٹر ٹینکی کے ساتھ ساتھ نیچے آباد سینکڑوں گھروں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی بڑے حادثے سے پہلے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جاسکے۔

Scroll to Top