راولپنڈی: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی کی طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی سلامتی، علاقائی صورتحال، بھارت کے کردار، افغانستان اور معاشی استحکام سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام میں پاکستان بھر کے 21 مختلف اسٹیشنز سے 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
پروگرام کے دوران ریکٹر ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے نوجوانوں سے خصوصی نشست میں خطاب کیا۔
ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے لیے مشکلات اور دہشت گردی کے خطرات بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے باعث خطے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم ٹاسک فورس کے تحت آبی زراعت میں اہم پیش رفت، جدید طریقے متعارف
پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے سرحدی اور فضائی محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
ان کے مطابق معرکۂ حق میں پاکستان نے خطے میں بھارت کے ’نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر‘ ہونے کے بیانیے اور اس سے جڑی اسٹریٹجک سوچ کو بھی شکست دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ، قومی سلامتی اور معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔





