ملک کے بیشتر حصوں میں غیر معمولی حدت اور گرمی کی لہر برقرار ہےتاہم محکمہ موسمیات نے بالائی اور زیریں خیبر پختونخوا کے چند اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں دن کے وقت موسم خشک اور گرم رہے گا۔ تاہم جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات صوبے کے مختلف علاقوں میں تھنڈر اسٹارم آنے کا امکان ہے۔
کوہستان، ایبٹ آباد، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں میں کل دن بھر گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ رات کے اوقات میں موسم تبدیل ہونے اور 35 فیصد امکانات کے ساتھ کہیں کہیں تھنڈر اسٹارم آنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بالائی اضلاع جیسے مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، راولپنڈی اور میانوالی میں بھی بعد از دوپہر اور رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہا جبکہ نوکنڈی، سبی، مٹھی، دادو اور سکھر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کرک:تخت نصرتی میں دو فریقین کے مابین فائرنگ سے 5 افراد زخمی
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جہاں کچھ مقامات پر آندھی اور بارش کی توقع ہے۔





