پشاور: خیبرپختونخوا کی حکومت نے معاشی اور کاروباری میدان میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جنہیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا خود بھی وقتاً فوقتاً عوام کے سامنے لاتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کی رہنمائی میں صوبے میں معیشت کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا موازنہ دیگر حکومتوں سے کرنا ممکن نہیں، یہ بات پختون ڈیجیٹل سے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے خصوصی گفتگو میں کہی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم نے نہ صرف معاشی استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں، بلکہ وزیر اعلیٰ نے جو کہا ہے وہ حقیقت بن چکا ہے کہ ہمارے وسائل پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہو چکے ہیں۔ میکرو لیول پر بھی حالات بہتر ہو رہے ہیں، جس سے صوبے کی معاشی صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی رینیو میں بھی قابلِ ذکر بہتری آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کے لیے مختلف ٹریننگز اور اسکالرشپ کے اعلانات کیے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ایم ایل ون منصوبے پر حنیف عباسی کا بیان پاک چین تعلقات پر کاری ضرب ہے ، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ کاروباری افراد کے لیے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو آسانی سے شروع کر سکیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب غریب طبقے کے لیے بھی بہت سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انشورنس سکیم سمیت مختلف فلاحی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ہر فرد کو معاشی تحفظ مل سکے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے اس ایک سال میں جو اقدامات کیے ہیں، ان سے صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور اس بات کا اعتراف مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات صوبے کی ترقی کی بنیاد بنیں گے اور ان کا اثر پورے خطے میں محسوس کیا جائے گا۔