پاکستان ٹیسٹ ٹیم کےکپتان اور سٹار بیٹر بابراعظم نے کہا ہے کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے، کوشش کریں گے لارڈز میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کریں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سینئرکو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، جو ٹیم کے لیے اچھا ہے وہی کھیلےگا۔
بابر اعظم نےکہا کہ یہ بات درست ہےکہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد ایک دم وکٹیں گرجاتی ہیں، اس خامی کو دور کرنےکی کوشش کر رہے ہیں ، ہوتا یہ ہےکہ جب پچ پر نیا بیٹر آتا ہے تو جو سیٹ بیٹر ہے وہ آؤٹ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی کھلاڑی غیراہم نہیں ہوتا،کبھی کسی کو اعتماد دینےکی وجہ سے موقع دیا جاتا ہے، محمد رضوان پرکوئی دباؤ نہیں ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کےکپتان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پلیئنگ الیون پر ذمہ داری ہوتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ بولرز 20 آؤٹ کریں اور بیٹرز کچھ نہ کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے لارڈ میں شروع ہو رہا ہے، میزبان ٹیم کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔





