وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے مشاورتی اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے مارچ کے اخراجات، مالی وسائل، احتجاجی سرگرمیوں اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے اجلاس میں بتایا کہ 27 ستمبر کو لانگ مارچ کے پہلے روز تقریباً 45 کروڑ روپے کے اخراجات متوقع ہیں جبکہ مارچ پر روزانہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید اکبر نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا کہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ہر حلقے سے 45 لاکھ روپے جمع کرنا ہوں گے، انہوں نے پارٹی کے منتخب نمائندوں اور بیرونِ ملک مقیم کارکنان سے بھی مالی تعاون کی اپیل کی۔
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی مذمت کی گئی جبکہ عمران خان کو فوری علاج کے لیے شفا ہسپتال منتقل کرنے کے مطالبے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے پر بھی زور دیا گیا، پارٹی قیادت نے تمام ناراض ارکان اور رہنماؤں سے اختلافات اور اندرونی سیاست کو پسِ پشت ڈال کر 27 ستمبر کے لانگ مارچ پر توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو منانے کی ذمہ داری صوبائی صدر جنید اکبر نے خود لینے کا اعلان کیا، جنید اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافات بھلا کر 27 ستمبر کو نکلنا ہے اور علی امین گنڈاپور کو منانے کی ذمہ داری وہ خود پوری کریں گے۔
جنید اکبر نے اجلاس میں کہا کہ تین روز قبل انہیں بتایا گیا تھا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے اور گاڑیاں بھی دستیاب نہیں ہوں گی تاہم ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے کارکنوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ پیدل چل کر بھی اسلام آباد پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اسمبلی میںبانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی قرارداد منظور
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں اسٹریٹ موومنٹ مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، پارٹی قیادت نے اراکین اسمبلی اور عہدیداروں کو اپنے اپنے حلقوں میں احتجاجی سرگرمیاں منظم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کی اسٹریٹ موومنٹ کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔





