وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر بشکیک روانہ، ایس سی او اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر کرغستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، جبکہ ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم بشکیک میں ایس سی او سربراہی اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر آج کرغزستان روانہ ہوں گے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغستان کے صدر صادر ژاپاروف سے بھی دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور کرغستان کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم کے دورۂ کرغستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوگی۔

وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ کرغستان گئے ہیں۔

Scroll to Top