وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر آج کرغزستان روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان کے صدر صادر نگوژوئچ جپاروف کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج بشکیک کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ایس سی او کے مرکزی اجلاس کے علاوہ ایس سی او پلس سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، جبکہ اس موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیراعظم کے دورے کی اہمیت اس حوالے سے بھی نمایاں ہے کہ پاکستان 2026-2027 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھالے گا۔ آئندہ سال ایس سی او کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی بشکیک جائے گا، جس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ترکیے پہنچ گئے

دورے کے آغاز پر وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم 2 ستمبر کو کرغزستان کے صدر سے ملاقات بھی کریں گے، جس میں پاک کرغزستان تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی خیر سگالی کو ٹھوس و عملی معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع ہوگا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کو 25 سال مکمل ہونے پر رکن ممالک پاکستان، چین، روس، بھارت، ایران، کرغزستان، بیلاروس، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان کے عالمی رہنما بشکیک میں جمع ہوں گے، جبکہ افغانستان اور منگولیا تنظیم میں بطور آبزرور شامل ہیں۔

Scroll to Top