نئی ہونڈا سٹی کے چرچے، ہونڈا ایٹلس نے اچانک بڑا اعلان کردیا

Pakistan SCO Summit 2026

لاہور: ہونڈا ایٹلس کارز پاکستان نے 7ویں جنریشن ہونڈا سٹی کی پاکستان میں ممکنہ لانچ سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں کی تردید کردی ہے۔

کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ نئی گاڑی یا کسی نئے ماڈل کی آمد سے متعلق معلومات کے لیے صرف ہونڈا کے سرکاری ذرائع پر اعتماد کیا جائے اور غیر تصدیق شدہ خبروں کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

ہونڈا ایٹلس کے مطابق فی الحال 7ویں جنریشن ہونڈا سٹی کو پاکستان میں متعارف کرانے کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ کمپنی نے صارفین کو موجودہ ہونڈا سٹی کی بکنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ہونڈا کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی اس وقت موجودہ سٹی کے مختلف ویریئنٹس بکنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

یہ وضاحت ایک مقامی آٹو موٹو ویب سائٹ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہونڈا ایٹلس رواں ماہ لاہور میں ہونے والے پاکستان آٹو پارٹس شو 2026 کے دوران 7ویں جنریشن ہونڈا سٹی کی نقاب کشائی کرسکتی ہے۔ تاہم ہونڈا نے اس دعوے کو غیر مصدقہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مٹسوبشی کی نئی پجیرو متعارف، 204 ہارس پاور انجن اور 7 نشستوں کے ساتھ واپسی

پاکستان آٹو پارٹس شو 18 سے 20 ستمبر 2026 تک لاہور میں منعقد ہوگا، جس کے باعث نئی گاڑیوں اور ماڈلز کی ممکنہ نمائش سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔ تاہم ہونڈا کی جانب سے سٹی کی نئی جنریشن کی نمائش یا لانچ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

پاکستان میں اس وقت ہونڈا سٹی کی 6ویں جنریشن فروخت کی جارہی ہے، جو 2021 میں مقامی مارکیٹ میں متعارف ہوئی تھی۔ ہونڈا ایٹلس کی موجودہ ماڈل لائن اپ میں سٹی 1.2LS، سٹی اسپائر 1.5LAS اور اسپائر ایس 1.5LAS شامل ہیں۔

عالمی سطح پر 7ویں جنریشن ہونڈا سٹی پہلے ہی مختلف مارکیٹوں میں دستیاب ہے، تاہم پاکستان میں اس کی آمد، مقامی اسپیکس، قیمت اور بکنگ سے متعلق کوئی حتمی اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔

ہونڈا ایٹلس نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ نئی سٹی سے متعلق افواہوں کے بجائے کمپنی کے باضابطہ اعلانات کا انتظار کریں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top