آٹو ڈیسک: مٹسوبشی نے اپنی معروف آف روڈ ایس یو وی پجیرو کی پانچویں جنریشن متعارف کرا دی ہے، جسے سات نشستوں والی فلیگ شپ ایس یو وی کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ نئی پجیرو کو مٹسوبشی ٹرائٹن کے بنیادی سیڑھی نما فریم کو مزید بہتر بنا کر تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی پجیرو کی فروخت ابتدائی طور پر تھائی لینڈ میں شروع ہوگی، جبکہ جاپان اور آسٹریلیا کی مارکیٹوں میں اسے مارچ 2027 کے اختتام تک متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ دیگر عالمی مارکیٹوں میں بھی بعد ازاں گاڑی کی فروخت شروع کی جائے گی۔
نئی پجیرو کے ڈیزائن میں مٹسوبشی کی حالیہ ایس یو ویز سے متاثر جدید انداز اپنایا گیا ہے۔ گاڑی کے اگلے حصے میں چوڑی گرِل، نمایاں وہیل آرچز اور مضبوط نچلا حصہ دیا گیا ہے، جبکہ اونچی سسپنشن، سائیڈ اسٹیپس اور مڈ فلیپس اس کے آف روڈ کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔
گاڑی کی لمبائی 4,920 ملی میٹر، چوڑائی 1,925 ملی میٹر، اونچائی 1,910 ملی میٹر اور وہیل بیس 2,870 ملی میٹر ہے، جبکہ گراؤنڈ کلیئرنس 230 ملی میٹر رکھی گئی ہے۔ مختلف ویریئنٹس میں 20 انچ تک کے پہیے دستیاب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک سوزوکی کا بڑا فیصلہ، کلٹس کے دو ویرینٹس کی بکنگ بند
اندرونی حصے میں تین قطاروں کے ساتھ سات افراد کے بیٹھنے کی گنجائش دی گئی ہے۔ دوسری قطار کو 150 ملی میٹر تک آگے پیچھے کیا جاسکتا ہے جبکہ اسے فولڈ بھی کیا جاسکتا ہے، جس سے تیسری قطار تک رسائی اور سامان رکھنے کے لیے اضافی جگہ حاصل ہوتی ہے۔
اعلیٰ ویریئنٹس میں لیدر سیٹیں، نرم مواد سے تیار ڈیش بورڈ، تین زون آٹومیٹک کلائمیٹ کنٹرول، دوسری قطار کی گرم نشستیں اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ بعض ماڈلز میں ڈبل گلیزڈ سائیڈ ونڈوز اور ایکوسٹک ونڈ اسکرین بھی دی گئی ہے۔
ٹیکنالوجی کے لحاظ سے اعلیٰ ماڈلز میں ڈیش بورڈ پر دو 14.3 انچ اسکرینیں دی گئی ہیں، جبکہ دیگر ویریئنٹس میں 12.3 انچ اسکرینز دستیاب ہوں گی۔ مٹسوبشی نے اہم افعال کے لیے فزیکل کنٹرولز برقرار رکھے ہیں جبکہ فور وہیل ڈرائیو کے مختلف موڈز کے لیے روٹری کنٹرولر بھی موجود ہے۔ بہتر ویریئنٹس میں 12 اسپیکرز والا یاماھا آڈیو سسٹم بھی پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ہونڈا سی جی 125 کا نیا ماڈل پاکستان میں لانچ، نئی ورائٹیز بھی متعارف
نئی پجیرو میں 2.4 لیٹر چار سلنڈر ٹربو ڈیزل انجن استعمال کیا گیا ہے، جو 204 ہارس پاور اور 480 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ انجن کو نئی آٹھ اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
گاڑی کے ڈھانچے میں ہائی ٹینسائل اسٹیل کے استعمال سے فریم کی مضبوطی اور سختی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سسپنشن کے لیے آگے ڈبل وش بون جبکہ عقب میں فائیو لنک رِجڈ ایکسل دیا گیا ہے، جس کا مقصد آف روڈ کارکردگی کے ساتھ سڑک پر کنٹرول اور آرام کو بہتر بنانا ہے۔
آف روڈ صلاحیتوں کے اعتبار سے پجیرو کا اپروچ اینگل 30.4 ڈگری، بریک اوور اینگل 22.6 ڈگری اور ڈپارچر اینگل 25.8 ڈگری ہے۔ اس کے علاوہ مٹسوبشی کا Super Select 4WD-II نظام اور Super-All Wheel Control (S-AWC) بھی گاڑی کا حصہ ہیں، جو مختلف حالات میں پہیوں تک طاقت اور بریکنگ کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
نئی پجیرو کے ذریعے مٹسوبشی نے اپنے معروف آف روڈ نام کو جدید انداز میں دوبارہ متعارف کرایا ہے۔ سات نشستوں، طاقتور ڈیزل انجن، مضبوط باڈی آن فریم ساخت اور جدید فور وہیل ڈرائیو ٹیکنالوجی کے باعث نئی پجیرو عالمی ایس یو وی مارکیٹ میں اہم مقابلے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔





