میرانشاہ کے متاثرہ دکانداروں کا معاوضے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ

شمالی وزیرستان: آپریشن ضربِ عضب کے دوران مسمار شدہ دکانوں کے متاثرہ دکانداروں نے میرانشاہ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاوضے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔

تاجر برادری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرانشاہ بازار کے متاثرہ دکانداروں کو حکومت کی جانب سے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن زیادہ تر دکاندار تاحال اس سے محروم ہیں۔

میرانشاہ بازار تاجر برادری کے چیئرمین ثناء اللہ خان نے کہا کہ حکومت نے نقصانات کا ازالہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، کچھ متاثرین کو چیک جاری ہوئے ہیں، لیکن بدقسمتی سے زیادہ تر دکانداروں کو اب تک ادائیگی نہیں ہوئی۔ مزید چیک اچانک روک دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے تاجر برادری شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ تاجر برادری نے جزوی ادائیگی کے بعد مکمل معاوضے کی امید باندھ لی تھی، لیکن چیکوں کی بندش سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی معاشی بدحالی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے عید کے کپڑے تک نہیں خرید سکتے اور ضروریاتِ زندگی پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باعث کاروبار مزید متاثر ہوا ہے، جس سے دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں غیر قانونی موبائل سیمز کے تدارک کے لیے ضابطہ کار جاری

میرانشاہ بازار کے مسمار شدہ دکانداروں کے صدر انور حسن درپہ خیل نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور یہ رقم ضلعی انتظامیہ کے اکاؤنٹ میں موجود ہے، لیکن اس کے باوجود متاثرہ دکانداروں کو مکمل ادائیگی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ ایک طرف صوبائی حکومت فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بنا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف وفاق سے جاری شدہ فنڈز بھی متاثرین تک نہیں پہنچائے جا رہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی ویریفکیشن کا عمل بھی روک دیا گیا ہے، جو ایک اور بڑا مسئلہ ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ویریفکیشن کا عمل فوری طور پر دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ جو دکاندار چیک سے محروم رہ گئے ہیں انہیں ان کا حق مل سکے۔ علاوہ ازیں، جو دکاندار وفات پا چکے ہیں، ان کے ورثا کو معاوضہ دینے کے لیے قائم کمیٹی کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ ان کے کیسز حل کیے جا سکیں۔

تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ، صوبائی مشیر برائے ریلیف و آبادکاری اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور دکانداروں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالیں۔ بصورت دیگر، تاجر برادری سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی اور بنوں-میرانشاہ مین شاہراہ بند کرنے سمیت دیگر احتجاجی اقدامات اٹھانے پر غور کرے گی۔

Scroll to Top