پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2024 سے فروری 2025 تک کی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر تقریباً ایک ارب ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال 2023-24 کے دوران اس مدت میں موبائل فونز کی درآمدات پر 1.148 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ اس سال فروری 2025 میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 133 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو کہ پچھلے سال فروری کے 161 ملین ڈالر کے مقابلے میں 18 فیصد کم ہے۔
ماہانہ بنیادوں پر بھی کمی دیکھی گئی، جنوری 2025 کے مقابلے میں فروری 2025 میں موبائل فونز کی درآمدات میں 1 فیصد کی کمی آئی۔ جنوری میں موبائل فونز کی درآمدات پر 134 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا، جو فروری میں کم ہو کر 133 ملین ڈالر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں آئی فون اور آئی پیڈ میں سیکیورٹی خدشات، ایپل نے صارفین کو خبردار کر دیا
اعدادوشمار کے مطابق، مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ٹیلی کام مصنوعات کی مجموعی درآمدات پر 1.366 ارب ڈالرز خرچ ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.434 ارب ڈالرز کے مقابلے میں 5 فیصد کم ہے۔
یہ کمی پاکستان کی درآمدات میں مجموعی طور پر سست روی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کی عکاسی کرتی ہے، جس کی وجہ سے حکومتی سطح پر مالی نظم و ضبط کے اقدامات اور تجارتی توازن کی بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔