اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں آئندہ ایک سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، ٹیکسلا، مری اور گلیات میں تیز بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پشاور کے علاوہ چترال، دیر، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور سوات میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کرم، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں موسلادھار بارش کے ساتھ مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق، رواں سال کیسز کی تعداد 6 ہوگئی
لوئر دیر اور گردونواح کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملاکنڈ کی تحصیل درگئی سمیت مختلف علاقوں میں شدید ژالہ باری کے باعث کئی مقامات پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پشاور شہر میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ہلکی بارش جاری ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے۔





