پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل فتح 4 کے ایکسٹینڈڈ ورژن کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے اپنے دفاعی میدان میں ایک اور اہم اور تاریخ ساز سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔مقامی طور پر تیار کردہ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل ’فتح 4‘ کے ایکسٹینڈڈ  ورژن کا کامیا ب تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ فتح 4 کا یہ ایکسٹینڈڈ ورژن طویل فاصلے تک اپنے اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

 میزائل کو جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن معاون نظام سے لیس کیا گیا ہے جس سے اس کی کارکردگی اور دشمن کی نظر سے بچنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اس کامیاب تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی کامل توثیق کی گئی ہے۔ 

ان تجربات اور تکنیکی جانچ کا بنیادی مقصد ناصرف ہدف کی درستگی کو مزید بہتر بنانا ہے بلکہ دشمن کی دفاعی ٹیکنالوجی کے سامنے میزائل کی بقا اور کامرانی کی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

 کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے اعلیٰ و سینئر عسکری افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے حساس قومی اداروں کے نامور سائنسدانوں اور باصلاحیت انجینئرز نے کیا۔

 صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تمام سروسز چیفس نے فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن کے کامیاب تجربے پر قوم اور متعلقہ حکام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے اہم ترین سنگِ میل کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرنے والے تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر عملے کی اعلیٰ تکنیکی صلاحیت، انتھک محنت اورلگن  کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

Scroll to Top