پاک ترک سعودی دفاعی معاہدے میں ایک اور ملک کی انٹری؟ بنگلادیش نے بڑا عندیہ دے دیا

ڈھاکا: بنگلادیش نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان پر مثبت رویے کا اظہار کردیا۔

بنگلادیشی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ بنگلادیش سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شامل ہونے کے امکان پر غور کرسکتا ہے۔

ہمایوں کبیر کے مطابق اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ بنگلادیش کے قومی مفادات، عالمی معیشت اور بدلتی ہوئی تجارتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت دوطرفہ عملی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جارہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی روابط بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : چنگان نے پاکستان میں نئی پک اپ نیوو ہنٹر REEV متعارف کرا دی، قیمت بھی سامنے آگئی

بنگلادیشی مشیر خارجہ امور نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے پر کام جاری ہے۔

دوسری جانب بنگلادیشی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کی دعوت پر وزیراعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں علاقائی اور دوطرفہ امور سمیت مختلف معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

بنگلادیش کی جانب سے پاک ترک سعودی اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان کا عندیہ خطے میں بدلتے ہوئے سفارتی اور دفاعی تعاون کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

Scroll to Top