خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری، شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت پولیو کے خاتمے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہنگامی اور مربوط اقدامات پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں 276 یونین کونسلز کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیتے ہوئے ان کے لیے خصوصی ایکشن پلان منظور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) کے کوآرڈینیٹر، سپیشل سیکرٹری صحت، نیشنل ای او سی کے حکام، بین الاقوامی شراکت دار، کمشنرز، ریجنل پولیس افسران، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی 276 یونین کونسلز میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے گی اور ان علاقوں میں درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں پولیو کے مسائل کا گہرائی سے جائزہ لیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا: 19 ہزار سے زائد والدین کا بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات اور جوابدہی کا عمل انتہائی ضروری ہے۔
چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ ہمیں مشترکہ کوششوں اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے اس وائرس کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہموں کی نگرانی کے لیے لائیو ڈیش بورڈ کے استعمال کی منظوری بھی دی گئی۔ یہ اقدامات صوبے میں پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔