اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے طلب کرلیا، جس میں خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور صوبے میں امن و امان کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، جس میں وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات، سکیورٹی چیلنجز اور انتظامی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سے متعلق پولیس اور سکیورٹی اداروں کی خصوصی رپورٹس بھی وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ صوبے میں امن و استحکام کی بحالی اور گورننس سے متعلق اہم امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر ہاؤس پر چڑھائی کی تو سہیل آفریدی کی گرفتاری کا حکم دیں گے، فیصل کریم کنڈی
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال کے تناظر میں اہم آئینی اور انتظامی فیصلے متوقع ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ یا ایمرجنسی کے معاملے پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔





