پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے عید کے تینوں روز ٹکٹوں پر خصوصی 20 فیصد ڈسکاونٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ رعایت تمام میل ایکسپریس، پسنجر اور انٹرسٹی ٹرینوں کی کرنٹ بکنگ پر دستیاب ہو گی۔
پاکستان ریلوے انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے روز مسافر ریزرویشن کاونٹرز سے کرنٹ بکنگ پر یہ رعایت حاصل کر سکیں گے۔
تاہم یہ رعایت صرف ان ٹرینوں پر ہو گی جو پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام چلتی ہیں اور عید سپیشل ٹرینوں پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے اور ان کے سفری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان ریلوے: ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ملازمین کے تبادلوں کے اختیارات تفویض
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس رعایت سے مسافروں کو زیادہ سہولت ملے گی اور عید کے دوران سفر کرنا مزید آسان ہو گا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے یہ رعایت مسافروں کو سفر کے دوران اضافی مالی بوجھ سے بچانے کی کوشش ہے، تاکہ وہ عید کی تعطیلات کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔