پرتگال فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کیمپ سے اچانک چلے جانے اور کوچ جارجے جیسس سے اختلافات کے معاملے پر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 30 دن کی پابندی عائد کر دی ہے۔ فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان پر 255 یورو کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
تین ہفتے قبل کرسٹیانو رونالڈو کوچ جارجے جیسس سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ سے قبل کوپن ہیگن میں پیش آیا جب وہ ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے۔
اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں میدان میں اتارنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔
رونالڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے ان کے کھیل سے متعلق دو مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ دوسری جانب کوچ نے کسی بھی قسم کے معاہدے کی تردید کی ہے، البتہ پرتگال کی 2-1 سے کامیابی کے بعد انہوں نے رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کا امکان مسترد نہیں کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : معروف فٹبالر رونالڈو پر پابندی کیوں لگی، وجہ سامے آگئی
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کا کہنا ہے کہ رونالڈو نے جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس معاملے پر باقاعدہ کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی اور متعلقہ واقعے کی رپورٹ دو روز قبل سامنے آئی تھی جس کے بعد یہ فیصلہ سنایا گیا۔





