: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر ممکنہ پابندی کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی آئندہ میچز میں شرکت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوچ جارج جیسز کے ساتھ کھیلنے کے وقت سے متعلق اختلافات کے بعد رونالڈو نے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا۔ اس اقدام پر پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ضوابط کے تحت ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو پر ایک سے چھ ماہ تک پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ڈسپلنری کونسل کرے گی۔
اگر پابندی کی مدت ایک ماہ سے تجاوز کرگئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے مقابلوں میں شرکت سے محروم ہوسکتے ہیں۔ تاہم ای ایس پی این کے مطابق ان پر مختصر مدت کی پابندی عائد کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
فٹبال اسٹار کا کہنا تھا کہ کوچ کی جانب سے کیے گئے وعدے سے انحراف نے انہیں مایوس کیا، تاہم وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے اقدام کے نتائج سامنے آنے چاہییں اور قوانین کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔
ادھر کوچ جارج جیسز نے کہا کہ وہ رونالڈو کا بیان پڑھ چکے ہیں اور اب ان کی پوری توجہ ٹیم کے معاملات پر مرکوز ہے۔





