پشاور: وزیراعظم شہباز شریف آج پشاور کا دورہ کریں گے، جہاں صوبے میں امن و امان، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم گورنر ہاؤس پشاور میں صوبے کی مجموعی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات اور انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران صوبے میں امن و استحکام سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی متوقع ہے، جس میں سکیورٹی کی صورتحال اور متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی، سکیورٹی اور ترقیاتی معاملات پر بریفنگ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فرسٹ ایئر کا رزلٹ جاری، طلبہ رول نمبر کے ذریعے اپنا نتیجہ کیسے دیکھ سکتے ہیں؟
وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے میگا ترقیاتی پیکیج کے اعلان کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران گرینڈ جرگے سے خطاب بھی کریں گے، جہاں صوبے سے متعلق اہم امور پر اظہار خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا گزشتہ روز پشاور کا دورہ سرکاری مصروفیات کے باعث منسوخ ہوگیا تھا، تاہم اب ان کے آج پشاور پہنچنے کا امکان ہے۔ دورے کے دوران ہونے والے اجلاسوں اور متوقع اعلانات کو صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی ضروریات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





