خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹرسیف کی پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھائی گھنٹے ملاقات کا محوراسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا اور علی امین، بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کی پیشکش پر نیم رضامندی ظاہر کی۔
جیو نیوز کے مطابق علی امین گنڈاپور نے صوبائی معاملات پربھی بانی پی ٹی آئی کو بریف کیا اور ملاقات میں قیادت پر سوشل میڈیا پرجاری تنقید بھی زیر بحث آئی جبکہ ملاقات میں اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی پر نظرثانی پر بھی بات ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے علی امین اور بیرسٹرسیف کواسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات میں کسی پیشرفت تک اسے خفیہ رکھنے پر اتفاق ہوا۔
رپورٹس کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے ایک اور ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹرسیف نے ملاقات کی تھی۔
علی امین گنڈا پور کی ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔





