عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں چار سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس کے اثرات عالمی مارکیٹ پر واضح طور پر محسوس ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 3.80 فیصد کمی کے بعد 58.51 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی جون 2025 کے لیے برینٹ کی قیمت 3.85 فیصد کم ہو کر 61.87 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
یہ کمی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کے بعد دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان نظر آ رہا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی دنیا بھر کی معیشتوں کے لیے سنگین اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت مزید کم ہوگئی
ماہرین کا خیال ہے کہ اس کمی کا تعلق عالمی تجارتی تناؤ اور تیل کی پیداوار میں اضافے سے بھی ہو سکتا ہے، جس سے تیل کی فراہمی میں بہتری آئی ہے اور قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی معیشت کے لیے اہم نوعیت کی ہو سکتی ہے، خاص طور پر توانائی کے شعبے پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





