پشاور: وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز سے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) خیبرپختونخوا کے وفد نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں صوبے میں سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، ڈیجیٹل تبدیلی اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر شفقت ایاز نے UNDP کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی کے فروغ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور چیئرمین عمران خان کے ویژن کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تحقیق اور اختراعات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مزید مضبوط اشتراک کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں پشاور، ترقیاتی پروگرام کے تحت 11.62 ارب روپے فنڈز کی منظوری
UNDP کے وفد نے بھی خیبرپختونخوا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا اور اس شراکت داری کے ذریعے خیبرپختونخوا میں ترقی کی نئی راہیں کھلنے کی امید ظاہر کی۔





