پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل پشاور زلمی نے اپنی ٹیم کو ایک نئے اور منفرد انداز میں متعارف کراتے ہوئے ثقافتی رنگوں کی خوبصورت جھلک پیش کی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے ٹیم کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا گیا جس میں کپتان بابراعظم، ہیڈ کوچ محمد اکرم، مینٹور و صدر انضمام الحق سمیت مکمل اسکواڈ اور سپورٹ اسٹاف نے شرکت کی۔
تقریب میں کھلاڑیوں کی تواضع پشاوری روایتی کھانوں اور باربی کیو سے کی گئی، جبکہ ہر کھلاڑی کو قومی لباس شلوار قمیض، ویسٹ کوٹ اور پشاوری ٹوپی زیب تن کرائی گئی، جس نے تقریب کو ایک یادگار ثقافتی رنگ میں رنگ دیا۔
پشاور زلمی کی اس تخلیقی پیشکش کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کی پشاوری انداز میں تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں اور مداحوں نے ٹیم کی اس انفرادیت کو بھرپور پذیرائی دی۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کوجیت کیلئے 140 رنز کا ہدف
یہ اقدام نہ صرف ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے کی بہترین کوشش ہے بلکہ ٹیم اور مداحوں کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی ثابت ہو رہا ہے۔





