چترال: جشن قاقلشٹ 2025 کے سلسلے میں تیاریوں، انتظامات، سیکیورٹی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کے لیے جشن قاقلشٹ کمیٹی کے ممبران نے آج بروز جمعہ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمٰن خلیل سے ان کے دفتر بونی میں ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات کے دوران جشن قاقلشٹ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری محمد حبیب نے مہمانوں کو جشن کے تاریخی پس منظر، ثقافتی اہمیت اور مقاصد سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جشن قاقلشٹ اپر چترال کا ایک قدیم، روایتی اور ثقافتی ورثہ ہے جو ہر سال جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ یہ جشن ہر قسم کے لسانی، سیاسی اور مذہبی تعصبات سے پاک ہوتا ہے اور اس کا مقصد مقامی ثقافت کو فروغ دینا اور سیاحت کو نئی جہت دینا ہے۔
محمد حبیب نے پچھلے سالوں میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کی معاونت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس سال بھی اسی تعاون کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، صفائی اور دیگر بنیادی انتظامات میں ضلعی اور صوبائی حکومت سے بھرپور معاونت کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں چترال: ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی کی زیر صدارت منی مائیکرو ہائیڈل پاور ہاؤسز کمیٹی کا اجلاس
ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے جشن قاقلشٹ کو خیبر پختونخوا کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت جشن کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمٰن خلیل نے بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل معاونت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
یہ ملاقات جشن کے کامیاب انعقاد کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس میں مقامی روایات کے فروغ اور علاقے میں سیاحتی امکانات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔





