اسلام آباد: چیف آف انٹیلی جنس، ترک جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل یاسر قادی اوغلو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ترک وفد نے منگل کے روز پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ضیاء احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں خطے کی جغرافیائی حکمت عملی کی صورتحال، مشترکہ دفاعی منصوبوں کی پیشرفت اور جنگی ٹیکنالوجیز و تربیت کے شعبے میں فوجی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ اقدار، امنگوں اور علاقائی امن کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، سیٹلائٹ پروگرامز، اور امیجری انٹیلی جنس جیسے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں کمانڈروں نے ترک کیڈٹس کے لیے پاک فضائیہ میں تربیتی پروگرامز کو وسعت دینے پر اتفاق کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت پر مبنی لرننگ ماڈیولز اور مشترکہ مشقیں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر خارجہ کے درمیان خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
لیفٹیننٹ جنرل یاسر قادی اوغلو نے پاک فضائیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان و ترکیہ کے مابین گہرے اسٹریٹجک و عسکری تعلقات کو سراہا۔
یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے اور مستقبل میں فوجی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔





