پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات سمیت کئی اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے سفارتی رابطے کیے۔ ان رابطوں کا مقصد خطے کی بگڑتی صورتحال پر مؤقف پیش کرنا، بھارت کے یکطرفہ اور اشتعال انگیز اقدامات سے آگاہ کرنا اور امن کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے برطانیہ، چین، سعودی عرب، ترکیہ، ایران، مصر، بحرین، قطر اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز اقدامات سے عالمی برادری کو آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ان الزامات اور غیر قانونی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کر کے خطے کی نازک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ہنگری نے بات چیت اور پرامن طریقے سے مسائل کے حل کی حمایت کی۔

کویت کے وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار سے گفتگو میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خارجہ نے بھارت کے منفی پراپیگنڈے اور یکطرفہ اقدامات سے کویت کو بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی برادری کو باور کرایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔





