وزیراعظم آج شام قوم سے اہم خطاب کرینگے، جس میں وہ موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالینگے اور عوام کو حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم آج شام قوم سے اہم خطاب کریں گے، جس میں وہ موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالیں گے اور عوام کو حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔
پاکستان نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان المرصوص کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت بھارتی عسکری اور اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کارروائی میں بھارت کے مختلف اہم مقامات جیسے کہ ایئر بیس ادھم پور، براہموس اسٹوریج، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، سپلائی ڈپو ’اڑی‘ اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر جی ٹاپ شامل ہیں، جنہیں کامیابی سے تباہ کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ اور پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ کو تباہ کیا۔ اس کے علاوہ سرسہ ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کی ہے۔
پاکستانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کے جواب میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔





