کشیدہ حالات کے باعث سرحدی دیہات خالی کرائے جا رہے ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی حکام نے 22 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سرحدی علاقوں سے ہزاروں افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی نمائندہ کے مطابق بھارتی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے حالیہ کارروائیوں کے دوران نہ صرف جانی نقصان ہوا ہے بلکہ بڑے پیمانے پر مالی اور معاشی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے۔
بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈرونز اور دیگر جدید ہتھیاروں کے ذریعے سرحدی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کشیدہ حالات کے باعث سرحدی دیہات خالی کرائے جا رہے ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق حالات کی سنگینی کے پیش نظر اسکول اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ جارحیت کے بعد آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے تحت بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کے کئی اہم عسکری و اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔





