پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاپاکستان نے واضح کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو دنیا دیکھے گی اوراس کی گونج ہوگی، پاکستان کے جواب کی گونج ایسی تھی کہ بھارت بات چیت کیلئے تیار ہوگیا۔
نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتاہوں، پوری قوم کو بھی مبارکباد اور سلام پیش کرتا ہوں کہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا، بھارت کو جس طرح جواب دیا ہے پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان نے 3 دن سے بھارت کی جارحیت کو برداشت کیا اور دفاع میں جواب دیا، پاکستان ایئرفورس نے تاریخ رقم کی ہے اور بھارت کے 5 جہاز گرائے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے وہ جہاز بھی گرائے جو آج تک کسی نے نہیں گرائے، ہماری افواج میں وہ صلاحیت ہے کہ منہ توڑ جواب دے سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کہا تھا جب ہم جواب دینگے تو دنیا دیکھے گی اوراس کی گونج ہوگی، پاکستان کے جواب کی گونج ایسی تھی کہ بھارت بات چیت کیلئے تیار ہوگیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر حملہ کیاگیا ہے، بھارت عالمی معاہدوں پر ایسے حملے کرےگا تو مستقبل میں کیسے بھروسہ کیاجائیگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ بات چیت میں ایسے مسائل پر بھی توجہ دلانا پڑےگی، پاکستان کی کامیابی ہے کہ بھارت شروع میں کیا کہہ رہا تھا آج کیا کہہ رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے کہا ہم جنگ کریں گے ہم نے کہا اپنا بھرپور دفاع کریں گے، ہر سطح پر ہم نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور منہ توڑ جواب دیا ہے، جیت پاکستان کی اور ہماری عوام کی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیز فائر کا اعلان، ملکی فضائی حدود کھول دی گئی
انھوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں چلے، پاکستان اور بھارت کے درمیان امن ہوگا تو دونوں طرف کی عوام کی خوشحالی ہوگی۔





