صدرمملکت آصف علی زرداری نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے بعد جنگ بندی پر پاک افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پاکستان کی مسلح افواج پر ہمیشہ سے یقین رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ہم نے بھارت کی نام نہاد فوجی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے، آج ہماری قوم کا عزم بےمثال ہے اور یہی عزم ہمارے آباواجداد کے دو قومی نظریے کو تقویت بخشتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بحیثیت اسلامی ریاست اور اللہ پر ہمارے ایمان نے ہمیں اپنے حجم سے پانچ گنا بڑے ملک کے خلاف کھڑے ہونے کی طاقت اور ہمت عطا کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور تمام افواج کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جن کی بہادری اور انتھک محنت نے اس جنگ میں ہمیں فتح سے ہم کنار کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو خوشی منانی چاہیے اور شہادت پانے والوں کے لیے دعا بھی کرنی چاہیے،۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل اور دیگر مرکزی مسائل بالخصوص سندھ طاس معاہدے کے حل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ان تمام دوست ممالک بشمول چین، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مُشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہدآفرید ی اور شعیب ملک کا سیز فائر کا خیرمقدم،افواجِ پاکستان کی بہادری کو سلام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اشتعال انگیزی نہیں چاہتا اور امن کا خواہاں ہے، ہم اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔





